اسلام آباد ہائی کورٹ
کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے 190 ملین پاونڈ کے مقدمے میں سزا کے خلاف سابق وزیر اعظم
عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلوں کی سماعت کے دوران مجرمان کے وکیل کی جانب سے عدالتی
کارروائی کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست کو سننے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن
میں یہ معاملہ انتظامی کمیٹی کے پاس ہے جس کے قواعد ابھی تک نہیں بنائے گئے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر
کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے عمران خان اور بشری بی بی
کی اپیلوں کی سماعت کے دوران ان کے وکیل سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے
عدالت میں یقین دہانی کروائی تھی کہ دلائل کا آغاز کریں گے جس پر سلمان صفدر کا کہنا
تھا کہ انھوں نے دلائل کا اغاز کر دیا ہے اور وہ اس میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ
عدالتی وقار بڑھانے کے لیے ایک درخواست لے کر آئے ہیں جس پر بینچ کے سربراہ نے سلمان
صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس درخواست کو نہیں سنیں گے کیونکہ آپ نے یقین دہانی
کروائی تھی کہ کوئی اور متفرق درخواست نہیں دیں گے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا
کہ انھوں نے گذشتہ سماعت پر ہی لائیو سٹریمنگ
کی استدعا مسترد کر دی تھی۔ انھوں نے کہا کہ جب
تک لائیو سٹریمنگ کے متعلق قواعد نہیں بن جانے تب تک کارروائی براہِ راست نشر نہیں
کی جا سکتی۔ عمران خان کے وکیل کا
کہنا تھا کہ آج کل جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے اور وڈیو لنک پر دلائل
ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ
ایک بین الاقوامی نوعیت کا کیس ہے اس سے لیے مقدمے میں لائیو سٹریمنگ ہونی چاہیے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے
کہا کہ وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد لائیو اسٹریمنگ کی مخالفت
کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ
مفاد عامہ کا کیس ہے جسے عوام دیکھنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کی 74 سال
کے ہیں اور چار سال سے عمران خان اور بشری کے خلاف مقدمات بن رہے ہیں۔ انھوں نے 190
ملین پاؤنڈ مقدمے کے عدالتی ٹرائل کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف
اب تک کے آنے والے فیصلوں میں یہ سب سے متنازعہ فیصلہ تھا۔ عمران خان کے وکیل
کا کہنا تھا کہ نو مئی کا واقعہ ہی نہ ہوتا اگر نیب کے اہلکار اس کیس میں عمران خان
کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود سے گرفتار نہیں کرتے۔ جب بیرسٹر سلمان صفدر
نے ایک مرتبہ بھر دھرایا کہ سابق وزیر اعظم کی عمر اب 74 سال ہے تو اس پر چیف جسٹس
نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یہ الفاظ سنہری حروف میں اپنے پاس لکھ لینے چاہیئیں۔‘ انھوں نے کہا کہ عمران
خان کو اس کیس میں 13 نومبر 2023 کو گرفتار کیا گیا اور وہ فیصلے تک گرفتار رہے
جبکہ بشری بی بی کو اس کیس میں ٹرائل کے دوران کبھی گرفتار نہیں کیا گیا۔ ’پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈز نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈز آئے‘ دورانِ سماعت عدالت نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب چارج شیٹ بھی پڑھ دیں جس پر سلمان صفدر نے پہلے ریفرنس پڑھنے کی اجازت مانگی اور کہا کہ اس ریفرنس میں مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی، زلفی بخاری سمیت چھ ملزمان غیر حاضر رہے جبکہ عدالت نے صرف دو ملزمان کی حد تک کیس کو آگے بڑھایا۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے تحقیقات کیں، مجسٹریٹ نے ملک ریاض فیملی کے اکاؤنٹس منجمد کیے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ 14 دسمبر 2018 کو برطانیہ کے ایک جج کی طرف سے پہلا اکاؤنٹ فریزنگ آرڈر بیس ملین پاؤنڈ کا آیا اور اس کے ساتھ ساتھ ہائیڈ پارک کی ایک پراپرٹی اور 120 ملین پاؤنڈ کا ایک اور فریزنگ آرڈر ہوا یوں یہ کل رقم ملا کر 190 ملین پاؤنڈ بنتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈز نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈز آئے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا غلط رپورٹ کرتا ہے اور یہ 190 ملین پاؤنڈز کا کیس ہی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ 12 اگست 2019 کو ملک ریاض برطانیہ میں کورٹ کے قابو آتے ہیں اور پیسہ ضبط ہوتا ہے جبکہ انھوں نے اپریل 2019 میں وہ پہلے ہی زمین دے چکے تھے۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بندہ رشوت تو تب دیتا ہے جب وہ کہیں پھنستا ہے اور بندہ ابھی پھنسا ہی نہیں اور اس نے پہلے ہی زمین دے دی۔ انھوں نے کہا کہ رقم واپس لینے کے لیے دو دسمبر کو نوٹ بنا جو کابینہ نے تین دسمبر کو منظور کر لیا۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ نیب کے مطابق مرزا شہزاد اکبر نے وزیراعظم کو ایک نوٹ بنا کر دیا جو کابینہ نے منظور کیا اور نیب کے مطابق مرزا شہزاد اکبر نے این سی اے کے ساتھ خفیہ معاہدے پر دستخط کیے۔ انھوں نے کہا کہ مقدمے کے مطابق یہ رقم سٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں منگوائے گئے۔ بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ یہ وہی اکاؤنٹ تھا جو سپریم کورٹ کی جانب سے بحریہ ٹاون کراچی کے حوالے سے ملک ریاض کے 460 ارب روپے جرمانے کی جو سزا سنائی گئی تھی، اس کی ادائیگی کے لیے کھلوایا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ 458 کنال زمین کچھ عرصہ ذوالفقار بخاری کے نام رہتی ہے اور پھرجنوری 2022 کو زمین القادر ٹرسٹ کے نام منتقل ہوتی ہے۔ عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کا یہ کیس نہیں کہ 171 ملین پاؤنڈ کی رقم عمران خان یا بشری بی بی کے اکاؤنٹ میں آئی بلکہ ان کا کیس یہ ہے کہ ملک ریاض کا پیسہ سٹیٹ بینک کے بجائے رجسٹرار سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آیا۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں پڑا ہوا یہ پیسہ دو گنا ہو گیا تو پھر قومی خزانے کو نقصان کیسے پہنچا؟ بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ملک ریاض 28 کروڑ 50 لاکھ روپے القادر ٹرسٹ کو بھجواتے ہیں جس سے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی بلڈنگ اور اس کے لیے فرنیچر سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کیں۔ انھوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی میں 150 سے زائد طلبہ سکالرشپ پر پڑھ رہے تھے۔ بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ وہ ائندہ سماعت پر اس بات پر دلائل دیں گے کہ کس طرح اس مقدمے میں ان کے موکل پر ان جرائم کی فرد جرم عائد کی گئی جو انھوں نے سرزد ہی نہیں کیے۔ عدالت نے ان اپیلوں کی براہ راست لآئیو سٹریمنگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے اپیلوں پر سماعت اگلے ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دی۔ اس موقع پر بشری بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اپنی موکلہ سے ملاقات کی اجازت چاہی تو عدالت نے کہا کہ وہ اس بارے میں مناسب ارڈر جاری کریں گے۔




